نئی دہلی،16/ نومبر (آئی این ایس انڈیا) دہلی کے علاقے ڈابڑی میں ایک 22 سالہ لڑکی کی لاش ایک نالے کے قریب سے ملی۔ لڑکی کے سراور پرائیویٹ حصے پر جلنے کے نشانات ہیں۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ لڑکی کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ کسی نے لڑکی کو قتل کرنے کے بعد وہاں پھینک دیا ہے۔ پولیس کی کئی ٹیمیں معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہیں اور اس کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جبکہ آج دہلی میں ہی ایک 23 سالہ خاتون کی موت ہو گئی ہے۔ چند روز قبل پاگل عاشق نے شادی شدہ خاتون پر تیزاب پھینک دیا جس سے وہ بری طرح جھلس گئی۔ ملزم کو پولیس نے مڈبھیڑکے بعد گرفتار کر لیا۔ انکاؤنٹر میں اس کے پیر میں گولی لگی تھی۔پولیس کے مطابق 3 نومبر کو بوانہ علاقے کے سیکٹر 3 میں ایک گھر میں عاشق نے شادی شدہ خاتون پر تیزاب پھینک دیا اور فرار ہو گیا۔ خاتون کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا اور اس کے بیان پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ خاتون نے بتایا کہ مونٹو نامی شخص نے اس سے شادی کے لیے کہنے لگا لیکن خاتون نے صاف انکار کر دیا۔ اس کے بعد متاثرہ خاتون اپنے شوہر کے ساتھ پوٹھ خورد علاقے میں رہنے لگی، جہاں مونٹو بھی ان کے پڑوس میں رہنے لگا۔ ایک دن مونٹو نے خاتون کو کسی بہانے اپنے کمرے میں بلایا اور اس سے کہا کہ وہ اپنے شوہر کو چھوڑ کر اس کے ساتھ رہے لیکن خاتون نے انکار کر دیا جس پر مونٹو نے زبردستی اس کے دونوں ہاتھ باندھ کر اس پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تکنیکی مدد سے ملزم کی تلاش شروع کر دی اور اسے بہار سے گرفتار کر لیا۔تیزاب سے لڑکی بری طرح جھلس گئی۔ وہ اسپتال میں زیر علاج تھی۔ اس کی حالت کئی دنوں سے تشویشناک تھی۔ متاثرہ کی آج صبح موت ہوگئی اور پولیس نے اب 26 سالہ مونٹو کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مونٹو ایک فیکٹری میں کام کرتا تھا۔ دہلی کے بوانا پولیس اسٹیشن میں تعینات سپاہی پردیپ اور نوین نے متاثرہ لڑکی کو خون بھی دیا۔